آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو چار وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔
ہفتہ کو میچ کے چوتھے دن بھارت نے 71 رنز ایک کھلاڑی کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو 87 کے مجموعی اسکور پر اس کے پانچ کھلاڑی پویلین میں واپس چلے گئے۔ چھٹی وکٹ کی شراکت میں ایشون اور پوجارا نے 30 رنز کا اضافہ کیا مگر یہ شراکت بھی زیادہ دیر نہ چل سکی اور ایشون 19 رنز بنا کر اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت بھارت کا اسکور 117 رنز تھا۔ آسٹریلیا کے باؤلرز کے سامنے کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جانسن نے چار، ہیزل ووڈ، اسٹارک اور لوائن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت نے آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا۔
میزبان ٹیم نے جب 128 رنز کے تعاقب میں اپنی بیٹنگ شروع کی تو آغاز میں ہی اسے اپنے
ابتدائی بلے باز وارنر کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا۔ راجرز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز بنا کر ٹیم کو مشکل حالات سے نکالا۔ وہ شرما کی گیند پر دھاون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دوسرے قابل ذکر بلے باز اسمتھ نے 28 رنز بنائے اور وہ رن آؤٹ ہوئے۔ بھارتی باؤلرز نے آسٹریلیا کے بلے بازوں پر دباؤ ڈالنے کی بھرپور کوشش کی مگر میزبان ٹیم نے یہ آسان ہدف چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں پوری ٹیم 408 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔
وجے نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 144 اور راہانے نے 81 رنز بنائے۔
جواب میں آسٹریلیا کی جانب سے اسمتھ نے 133 اور جانسن نے 88 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 505 رنز بنائے تھے۔
اسمتھ نے پہلی اننگز میں 133 رنز بنائے تھے انھیں میچ کا بہترہن کھلاڑی قرار دیا گیا۔
چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 26 دسمبر کو ملبورن میں کھیلا جائے گا۔